پولیس کی مار پیٹ کے واقعات پر وزیر داخلہ کی شدید برہمی

   

Ferty9 Clinic

شیخ پیٹ واقعہ کے ذمہ دار ہوم گارڈ کو معطل کرنے محمد محمود علی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : وزیر داخلہ محمد محمود علی نے شہر کے بعض علاقوں میں شہریوں پر پولیس مار پیٹ کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل اور کمشنر پولیس کو شیخ پیٹھ واقعہ کے ذمہ دار ہوم گارڈ کو معطل کرنے کی ہدایت دی ۔ وزیر داخلہ کی ہدایت کے فوری بعد کمشنر پولیس نے گولکنڈہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ہوم گارڈ ہنمنتو کو معطل کردیا اور انسپکٹر گولکنڈہ کو چارج میمو جاری کیا ۔ لاک ڈاؤن کے دوران آج شیخ پیٹ اور میر چوک میں پولیس ملازمین کے حملہ میں 2 روزہ دار نوجوان زخمی ہوگئے ۔ وزیر داخلہ محمود علی نے ان واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پی اور کمشنر سے بات چیت کی اور کہا کہ بار بار ہدایت کے باوجود بعض ماتحت عہدیداروں اور ملازمین کی جانب سے لاٹھی کا استعمال ناقابل قبول ہے ۔ رمضان میں روزہ داروں کے خلاف طاقت کا استعمال حکومت کی نیک نامی متاثر کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گولکنڈہ پولیس اسٹیشن حدود میں ایک ہوٹل میں پکوان کر کے غریبوں میں کھانا تقسیم کیا جارہا ہے ۔ ایک روزہ دار نوجوان جب کھانے کی تقسیم کے لیے جارہا تھا تو ہوم گارڈ نے حملہ کر کے زخمی کردیا ۔ وزیر داخلہ نے زخمی نوجوان کے والد سے بات چیت کرتے ہوئے خاطی کے خلاف کارروائی کا تیقن دیا ۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ میر چوک واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل ، کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساوتھ زون سے ربط قائم کرتے ہوئے ماتحت عہدیداروں کو پابند کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے رمضان کا احترام کرتے ہوئے دن کے اوقات میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ۔ ایسے میں بعض ملازمین کی من مانی اور عوام پر ظلم و زیادتی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہریوں پر لاٹھی کا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔۔