پولیس کی مستعدی‘شادی کے موقع پرمسروقہ 10تولہ سونا دستیاب‘ ضلع ایس پی کو تہنیت

   

Ferty9 Clinic

میدک، 30؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک ٹاؤن میں ایک شادی کے دن پیش آئے دس تولے سونا کے سرقہ کے معاملہ کو میدک ٹاؤن پولیس نے انتہائی مستعدی کے ساتھ صرف دو دنوں میں حل کرتے ہوئے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے جس پر ضلع ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ آئی پی ایس نے پولیس عملہ کی خدمات کی ستائش کی۔ شادی کی تیاریوں کے دوران دلہن کو تیار کیا جارہا تھا کہ اچانک کمرے میں رکھے گئے دس تولے طلائی زیورات کے غائب ہونے پر متاثرہ خاندان نے فوراً میدک ٹاؤن پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوکر شکایت درج کروائی۔ میدک ٹاؤن انسپکٹر مسٹر مہیش نے کیس درج کرتے ہوئے فوری طور پر تفصیلات ضلع ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ کو پہنچائیں جس پر ایس پی نے خصوصی ٹیموں کی تشکیل دیتے ہوئے تفتیش کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ خصوصی ٹیموں نے دو روز تک ہر مشتبہ فرد سے پوچھ تاچھ کرتے ہوئے تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ملزمہ کی نشاندہی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور کارروائی کے دوران تمام دس تولے طلائی زیورات برآمد کرکے عدالت کے ذریعے متاثرہ خاندان کے حوالے کردیئے۔ قیمتی زیورات کی فوری برآمدگی پر متاثرہ خاندان نے ضلع ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ آئی پی ایس کی شال اوڑھا کر تہنیت پیش کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ایس پی نے کہا کہ اس قسم کے معاملات کو فوری حل کرکے متاثرین کو انصاف فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے اور عوام کی جانب سے پولیس خدمات کا اعتراف قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کیس کی کامیاب تحقیقات پر میدک ٹاؤن انسپکٹر مہیش اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔