لکھنؤ: ’یوپی میں کا با‘ گانے سے شہرت حاصل کرنے والی لوک گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھوڑ کو ان کے ایک گانا پر اتر پردیش پولیس نے گزشتہ دنوں نوٹس جاری کر جواب مانگا تھا۔ اس کے جواب میں انھوں نے جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے ایک نیا گانا ریلیز کر دیا ہے، جس میں نوجوانوں کی بیروزگاری کامسئلہ اٹھایا گیا ہے۔نیز نیہا راٹھوڑ نے حکومت اور یوپی پولیس کو یہ چیلنج بھی کیا ہے کہ وہ چاہے تو اس گانے کے لیے بھی نوٹس بھیج سکتی ہے۔دراصل کانپور واقعہ پر مبنی نیہا راٹھوڑ کے گانے پر یوپی پولیس نے انھیں نوٹس تھمایا تھا۔اس نوٹس کو لے کر سوشل میڈیا پر یوپی حکومت اور یوپی پولیس کی خوب تنقید ہو رہی ہے۔ اسی درمیان سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے نیہا راٹھوڑ کے نئے گانے کو لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔اس نئے گانے میں نیہا راٹھوڑ نے براہ راست وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے سوال اٹھایا ہے۔اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے کے بعد ایک دیگر پوسٹ میں نیہا نے طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اپنے اس گیت سے میں بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کا مطالبہ کرنے کے لیے اْکسا رہی ہوں، اس سے سماج کا امن خراب ہو سکتا ہے، نوجوان ہنگامہ کر سکتے ہیں۔ حکومت اگر ضروری سمجھے تو اس گیت کے لیے بھی مجھے نوٹس بھیج سکتی ہے۔