پولیس کی چوکسی نے نوجوان لڑکی کو خودکشی سے بچالیا

   

حیدرآباد یکم / جولائی ( سیاست نیوز ) حمایت ساگر لیک پولیس کی چوکسی نے آج ایک نوجوان لڑکی کو انتہائی اقدام کرنے سے بچالیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ لڑکی جو گذشتہ دنوں سکندرآباد علاقہ سے لاپتہ ہوگئی تھی ۔ آج حمایت ساگر میں چھلانگ لگاکر خودکشی کی کوشش کررہی تھی ۔ لیکن پولیس جو حمایت ساگر کے اطراف چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے آج صبح کے اولین اوقات گشت پر تھی کہ اس نے ایک لڑکی کو ساگر کے کنارے دیکھا اور کسی طرح لڑکی تک پہونچ کر اس نوجوان لڑکی کو حمایت ساگر میں چھلانگ لگانے سے بچالیا اور راجندر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ لیک پولیس کی اس کارروائی کے بعد راجندر نگر پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد پتہ چلایا کہ لڑکی سکندرآباد کے علاقہ سے لاپتہ ہوگئی تھی اور اس کی شکایت مارکٹ پولیس اسٹیشن میں کروائی گئی تھی ۔ راجندر نگر پولیس نے لڑکی کے والدین اور مارکٹ پولیس کو طلب کرتے ہوئے لڑکی کو حوالے کردیا ۔