حیدرآباد 31 اگسٹ (سیاست نیوز) پولیس کارروائی سے خوف کا شکار ایک نوجوان نے خودکشی کرلی۔ ایس آر نگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ جہاں 24 سالہ سائی عرف پرشانت نے کل رات پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ سائی نیتا جی نگر علاقہ کے ساکن سدھاکر کا بیٹا تھا جو پیشہ سے زوماٹو میں ڈیلیوری بوائے کا کام کرتا تھا۔ کچھ عرصہ قبل ٹک ٹاک پر اس کی پہچان کرنول کی ساکن ایک لڑکی سے ہوئی تھی جس سے محبت ہوگئی۔ اپنی مالی پریشانی کا ذکر کرتے ہوئے سائی نے اس لڑکی سے رقم اور طلائی زیورات حاصل کئے تھے اور لڑکی گھر والوں کے دباؤ کے آگے مجبور ہوکر طلائی زیورات اور رقم کی واپسی کا مطالبہ کررہی تھی۔ اس دوران لڑکی کے گھر والوں کو اس بات کا علم ہوا اور انھوں نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ ایس آر نگر پولیس سمجھتی ہے کہ پولیس کی کارروائی سے یہ نوجوان خوف کا شکار ہوگیا اور انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔