پولیس کی گاڑی سے راہگیروں کو ٹکر ، دو بچے بھی زخمی ، ڈرائیور ہوم گارڈ حالت نشہ میں رہنے کا انکشاف

   

حیدرآباد ۔ 7 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : پرانے شہر کے علاقے کالا پتھر تاڑبن میں آج اس وقت ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی جب ایک پولیس کی گاڑی کے ڈرائیور نے راہ چلتے راہگیروں کو ٹکر دے دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس کنٹرول روم سے وابستہ ٹاٹا سومو گاڑی جس کا نمبر AP9-PB0024 ہے جس کو ایک ہوم گارڈ ڈرائیور چلا رہا تھا نے وہاں سے گذرنے والے راہ گیروں بشمول 2 بچوں کو ٹکر دیدی ۔ اس حادثہ کے بعد مقامی عوام نے پولیس کی گاڑی کو روک لیا اور زخمی بچوں کو قریب کے دواخانے منتقل کیا ۔ عوام کے ہجوم نے پولیس کی گاڑی کا گھیراؤ کرلیا اور دریافت کرنے پر یہ معلوم ہوا کہ گاڑی کا ڈرائیور جو ہوم گارڈ ہے انتہائی حالت نشہ میں گاڑی چلا رہا تھا ۔ مقامی عوام نے اسے لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے بارے میں سوالات کئے لیکن وہ بات کرنے کے موقف میں نہیں تھا ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر کالا پتھر پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور ملزم ڈرائیور ہوم گارڈ کو اپنے حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کردیا ۔ جب کہ زخمی بچے جن کی شناخت شاہنواز اور سیف کی حیثیت سے کی گئی ہے کو طبی علاج کے لیے دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ عوام نے یہ مطالبہ کیا کہ حیدرآباد پولیس جو آئے دن عوام کو مختلف بہانوں سے چالانات کرتی ہے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والے پولیس ہوم گارڈ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ کالا پتھر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔۔ ب