پولیس کے عوام کے ساتھ رویہ کا جائزہ لینے عام آدمی کی طرح سادہ لباس میں اے سی پی پہنچ گئے

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں لاک ڈاون کے دوران پولیس کی جانب سے عوام سے اختیار کئے جانے والے رویہ کا جائزہ لینے کے لئے سدی پیٹ کے اے سی پی نے انوکھا کام کیا۔اے سی پی رامیشورنے سادہ لباس میں خود کو عام آدمی ظاہر کرتے ہوئے سدی پیٹ ٹاون میں لاک ڈاون کا معائنہ کیا۔انہوں نے اپنے چہرہ کو توال سے ڈھانک لیا اور ٹاون کے مختلف مقامات پر لگائے گئے چیک پوسٹس کا معائنہ کیا۔پولیس نے ان کی ٹووہیلر کو روکا اورایک عام آدمی کی طرح سڑک پر نکلنے کی وجہ ان سے دریافت کی۔انہوں نے ڈیوٹی پر تعینات ملازمین پولیس سے کہا کہ وہ میڈیکل شاپ سے بخار کی گولی لینے کے لئے نکلے ہیں۔اس موقع پر پولیس ملازمین جنہوں نے سادہ لباس ہونے پر ان کو نہیں پہچانا ان سے بحث وتکرار کی،بالاخر انہوں نے توال اپنے چہرہ سے نکالتے ہوئے اپنی شناخت بتائی جس کے بعد انہوں نے ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین پولیس سے پوچھا کہ بخار کی گولی لانے کے لئے گھر سے نکلنے والوں کو اس کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے ۔اے سی پی کے ایک عام آدمی کی طرح اچانک معائنہ نے پولیس ملازمین کو سکتہ سے دوچار کردیا۔