حیدرآباد 30۔ جون (سیاست نیوز) ہائی کورٹ نے پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن کو ہدایت دی کہ اپنے آؤٹ سورسنگ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے پر غور کریں جو نئی ریاست کی تشکیل سے برسر کار ہیں۔ عدالت نے کہا کہ طویل مدت کے باوجود انہیں آؤٹ سورسنگ کے طور پر رکھا گیا ہے ۔ خدمات کو باقاعدہ بنانے ہائی کورٹ نے تین ماہ کی مہلت مقرر کی ہے۔ ہائی کورٹ نے کارپوریشن کو ہدایت دی کہ عدالت سے رجوع ہونے والے ملازمین کو ہراساں نہ کیا جائے ۔ درخواست گزاروں کو انکے موجودہ پوزیشن پر برقرار رکھا جائے اور انہیں دیگر خدمات کیلئے تبدیل نہ کیا جائے۔ جسٹس ای وی وینو گوپال نے 2012 ء سے پولیس ہاؤزنگ کارپوریشن میں برسرکار آؤٹ سورسنگ ملازمین کی درخواستوں کی سماعت کی ۔ درخواست گزاروں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 10 برسوں سے برسر کار ہیں اور خدمات باقاعدہ بنانے کارپوریشن ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کر رہا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کے لئے مضبوط دلائل موجود ہیں۔ر