وارسا، 10 ستمبر (یو این آئی) پولینڈ اور نیٹو افواج نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے یوکرین پر حملے کیلیے بھیجے گئے روسی ڈرونز تباہ کر دیے ۔ قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ اور نیٹو افواج نے پڑوسی ملک یوکرین پر فضائی حملے کے دوران ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر روسی ڈرونز مار گرائے ۔ پولینڈ کی فوج نے بتایا کہ لڑاکا طیاروں نے اُس وقت کارروائی کی جب آج علی الصبح ایک درجن سے زائد روسی ڈرونز پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہوئے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پولینڈ اور نیٹو افواج نے روس کے خلاف کوئی فوجی کارروائی کی ہو۔ پولینڈ کی مسلح افواج کی آپریشنل کمانڈ نے بتایا کہ روس کی طرف سے یوکرین میں اہداف کو نشانہ بنانے کیلیے ڈرونز بھیجے گئے جنہوں نے ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزی کی، مسلح افواج کے آپریشنل کمانڈر کی درخواست پر ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا، تباہ شدہ ڈرونز کی تلاش جاری ہے ۔