واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر مہاجرین کے حوالے سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاوس میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بائیڈن نے بتایا کہ امریکی حکومت نے بیلاروس اور روس کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے۔ پولینڈ اور بیلاروس کی سرحد پر ہزاروں مہاجرین جمع ہیں، جو پولینڈ میں داخل ہونے کی کوششوں میں ہیں۔ اس کے ر عمل میں دونوں ملکوں نے فوج بھی تعینات کر رکھی ہے۔ یورپی یونین کا الزام ہے کہ بیلاروس جان بوجھ کر مہاجرین کو مغربی یورپ کی جانب بھیج رہا ہے اور نتیجتاً اس وقت پولینڈ، لتھوینیا اور لیٹویا کی سرحدوں پر ہزاروں مہاجرین جمع ہیں۔