پولیوشن کنٹرول بورڈ کی اجازت کے بغیر ڈمپنگ یارڈ کی تعمیر پر ہائیکورٹ کی روک

   

حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے دوباک میونسپلٹی ضلع سدی پیٹ کو ہدایت دی ہے کہ پولیوشن کنٹرول بورڈ کی اجازت کے بغیر کچرے کے ڈمپنگ یارڈس تعمیر نہ کریں۔ عدالت نے تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ سے تحریری ہدایت حاصل کرنے کا مشورہ دیا۔ بعض دیہاتیوں کی جانب سے دوباک میونسپلٹی کے علاقوں میں ڈمپنگ یارڈ کی تعمیر کے فیصلے کو چینلج کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیوشن کنٹرول بورڈ ڈمپنگ یارڈ کی تعمیر کی اجازت سے انکار کرے تو تعمیر سے گریز کیا جائے۔ چیف جسٹس ہیما کوہلی اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے یہ فیصلہ دیا۔ دوباک کے لچا پیٹ سے تعلق رکھنے والے 8 شہریوں میں سروے نمبر 1119 کے تحت ڈمپنگ یارڈ کی تعمیر پر اعتراض جتایا۔ ان کے مطابق یہ علاقہ گنجان آبادی والا ہے لہذا کچرے کے ڈمپنگ یارڈس تعمیر نہیں کئے جاسکتے۔