لکھنو : اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پولیو کے تئیں تھوڑی سی لاپرواہی بچے کے مستقبل کو معذور بنا دیتی ہے اور بچہ کنبہ کے ایک رکن کے ساتھ ساتھ قوم کا انمول ورثہ بھی ہوتا ہے ۔مسٹر یوگی نے آج یہاں ویرانگنا اونتی بائی خواتین اسپتال میں بچوں کو پولیو کی ڈراپ پلاکر پلس پولیو مہم کی شروعات کی۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کے تئیں تھوڑی سی لاپرواہی بچے کے مستقبل کو معذور بنا دیتی ہے ۔ ایک بچہ ایک کنبہ کا رکن ہونے کے ساتھ ساتھ قوم کا انمول ورثہ بھی ہوتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع میں چل رہی پلس پولیو مہم میں صفر سے پانچ برس کی عمر کے تقریبا30کروڑ 40لاکھ بچوں کو پولیو کی خراک پلائی جائے گی۔ آج ایک لاکھ دس ہزار سے زیادہ بوتھوں پر صفر سے پانچ برس تک کے بچوں کو پولیو کی خراک پلائی جارہی ہے ۔ مہم کے دوسرے دن سے لیکر چھٹے دن تک تقریبا 69ہزار ٹیمیں گھر گھر جاکر پہلے دن پولیو خراک نہ لینے والے بچوں کو پولیو کا ٹیکہ لگائیں گی۔