مناما۔ وزیر خارجہ امریکہ مائیک پومپیو نے بحرین کے ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی جس میں علاقائی اتحاد اور استحکام پر بات چیت کی گئی۔ وہ اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے بعد خلیجی ممالک کے دورے پر ہیں۔ قبل ازیں امریکی وزیر خارجہ نے دیگر عرب ممالک سے بھی کہا تھا کہ وہ اسرائیل کو تسلیم کرلیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے سوڈان کا بھی دورہ کیا لیکن سوڈان کی عبوری حکومت نے کہا کہ وہ اتنا بڑا فیصلہ جلدبازی میں نہیں کر سکتی۔
ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ مذاکرات مثبت رہے، ایران
تہران۔ ایران نے بین الاقوامی نیوکلیئر ادارے آئی اے ای اے کے ساتھ اپنے تازہ مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے۔ ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی کے ساتھ تہران میں ملاقات کی، جہاں دو مشتبہ ایرانی نیوکلیئر تنصیبات کا معائنہ کرنے کی اجازت کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ گروسی بین الاقوامی جوہری ادارے کے سربراہ منتخب ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ایران کا دورہ کر رہے ہیں اور ایرانی حکومت کے ساتھ براہ راست تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔