حیدرآباد 20 مارچ (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج سکندرآباد کے نلہ گٹہ اور بالمرائی علاقہ میں سرکاری اسکولوں کا دورہ کرتے ہوئے طلبہ سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لیا اور کہاکہ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں انفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے فنڈس مختص کئے ہیں۔ پونم پربھاکر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو سرکاری اسکولوں میں کمپیوٹر اور دیگر سہولتیں فراہم کرنے کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ ریاستی وزیر نے اسکول میں کمپیوٹر لیاب اور سائنس لیاب کا معائنہ کیا۔ اُنھوں نے ایس ایس سی امتحان میں حصہ لینے والے طلبہ سے ملاقات کی اور اُن کی حوصلہ افزائی کی۔ پونم پربھاکر نے اُمید ظاہر کی کہ تلنگانہ حکومت کی مساعی کے نتیجہ میں سرکاری اور اقامتی اسکولوں کے نتائج بہتر ہوں گے۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے الزام عائد کیاکہ سیاسی مقصد براری کے لئے اپوزیشن تلنگانہ حکومت کے بجٹ پر تنقید کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اپوزیشن کے پاس تنقید کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہے لیکن ضابطہ کی تکمیل کے لئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بھٹی وکرامارکا نے جو بجٹ پیش کیا ہے وہ سماجی انصاف پر مبنی ہے اور دیگر ریاستوں کے لئے ایک مثال ہے۔ 1