حیدرآباد۔/26 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے پارٹی سے استعفی اور دیگر پارٹی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ وہ ایک عام کسان خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور این ایس یو آئی کارکن سے انہوں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ متحدہ آندھرا پردیش میں وہ این ایس یو آئی کے ریاستی صدر رہے اور تنظیم کے استحکام میں اہم رول ادا کیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ 35 برس تک انہوں نے کانگریس پارٹی میں انہوں نے مختلف عہدوں پر خدمات انجام دی اور پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ رہے۔ کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے علحدہ تلنگانہ کیلئے جدوجہد کی۔ پارلیمنٹ اور عوام میں علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیا۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ وہ تلنگانہ اور مرکز میں کانگریس کو برسر اقتدار لانے کیلئے پارٹی کے ایک سپاہی کی طرح کام کریں گے۔ پونم پربھاکر 30 جولائی کو کولا پور میں پرینکا گاندھی کے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی جانب سے پارٹی سے استعفی کی گمراہ کن افواہوں کو سوشیل میڈیا میں ہوا دی جارہی ہے۔