پونم پربھاکر کا گولکنڈہ ٹمریز اسکول کا اچانک دورہ

   

طلباء کے ساتھ کھانا کھایا، مسائل کے بارے میں واقفیت حاصل کی
حیدرآباد۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد کے انچارج وزیر پونم پربھاکر نے آج گولکنڈہ میں ٹمریز I بوائز اسکول کا اچانک دورہ کرتے ہوئے طلبہ کے ساتھ کھانا کھایا اور طلباء سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ڈائٹ چارجس میں اضافہ کیا ہے۔ ہر دن کے لئے علیحدہ مینو کا انتظام کیا ہے۔ شیڈول کے مطابق مینو کے پکوان دستیاب ہو رہے ہیں یا نہیں طلبہ سے انہوں نے استفسار کیا۔ طلبہ نے پونم پربھاکر کو بتایا کہ ڈائٹ چارجس میں اضافہ کے بعد ہمیں معیاری غذا فراہم کی جارہی ہے جس کے لئے وہ حکومت کے شکر گذار ہیں۔ ریاستی وزیر بی سی ویلفیر و ٹرانسپورٹ نے طلباء کے لئے کامن ڈائٹ مینو پر عمل کرنے کی اسکول انتظامیہ کو ہدایت دی۔ اگر طلباء کو دیئے جانے والے مینو میں کوئی مشکلات پیش آئی تو سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ ٹریکس دیگر تمام چیزیں دستیاب ہوئی یا نہیں اس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ حیدرآباد کے انچارج وزیر نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔ امتحانات کے لئے خصوصی تیاری کریں۔ تعلیم کے اوقات میں اضافہ کریں۔ اسپیشل کلاسیس کے ذریعہ تعلیم حاصل کریں۔ بالخصوص دسویں جماعت اور انٹر کے نتائج بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کو خصوصی توجہ دینے اور نتائج کے معاملے میں ساری ریاست میں حیدرآباد کو نمایاں مقام دلانے پر زور دیا۔ اس موقع پر اسمبلی حلقہ کاروان کے رکن اسمبلی کوثر محی الدین، کلکٹر حیدرآباد انودیپ درشٹی کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ 2