پونم یادو آئی سی سی کی ٹیم میں واحد ہندوستانی کھلاڑی

   

دبئی ۔ 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) گذشتہ روز اختتام پذیر آئی سی سی وومنس ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد معلنہ عالمی ٹیم میں لیگ اسپنر پونم یادو واحد ہندوستانی کھلاڑی ہیں جبکہ ٹورنمنٹ میں جارحانہ بیٹنگ کرنے والی نوجوان ہندوستان کھلاڑی شفالی ورما کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ پانچویں مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلیائی ٹیم سے پانچ کھلاڑیوں نے ورلڈ کپ کی ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹس وومن ایلیسا ہیلی، ان کی ساتھی اوپنر بیتھ مونی، میگ لیننگ، جیس جوناسن اور میگن شامل ہیں جبکہ چار کھلاڑیوں کا انگلینڈ سے انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ہیلی اور مونی جنہوں نے بحیثیت اوپنر حریف بولروں کو کافی پریشان کیا ہے، اس جوڑی کو ورلڈ کپ کی ٹیم میں بھی شامل کیا گیا ہے۔ ورلڈ کپ کی ٹیم میں فاسٹ بولر میگن اسکاٹ کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہوں نے ہندوستان کے خلاف فائنل میں چار وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ ٹورنمنٹ میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں لیتے ہوئے پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ عالمی ٹیم کی قیادت آسٹریلیائی کپتان لیننگ کو دی گئی ہے جنہوں نے بحیثیت کپتان قیادت اور بیٹنگ دونوں میں بھی متاثر کن مظاہرہ کیا ہے۔ عالمی ٹیم کا انتخاب سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں جیسے کہ این بشپ ، انجم چوپڑا اور لیسا کے علاوہ معروف صحافی راف نکولسن کے ہمراہ آئی سی سی کا نمائندہ ہالی کال ون پر مشتمل ٹیم نے کیا ہے۔ ہندوستان کی 16 سالہ کھلاڑی شفالی جنہوں نے 163 رنز اسکور کرتے ہوئے خود کو جارحانہ اوپنر ثابت کیا ہے تاہم آسٹریلیائی کامیاب اوپنرس کی جوڑی کو عالمی ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے جبکہ شفالی کو بارہویں کھلاڑی کے طور پر اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ ہیترنائک کو انگلینڈ سے شامل کیا گیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ سے والووڈ کی بھی ٹیم میں شمولیت ہوئی ہے یاد رہے پونمک یادو نے ٹورنمنٹ میں 10 وکٹیں لی ہیں۔