دبئی، 18 فروری (یو این آئی )سابق آسٹریلیائی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ میں آسٹریلیا کی مایوس کن کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے انتہائی ناقص قرار دیا ہے ۔ پونٹنگ نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف شکست نے ٹورنمنٹ سے آسٹریلیا کے باہر ہونے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔ رکی پونٹنگ نے دی آئی سی سی ریویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین میں سے صرف ایک میچ جیتنا آسٹریلیا جیسی ٹیم کے لیے شرمناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوش ہیزل ووڈ، پیٹ کمنز اور ٹم ڈیوڈکی مختلف مراحل پر عدم دستیابی نے ٹیم کا توازن بگاڑ دیا۔ پونٹنگ کے مطابق یہ سوچنا بھی تکلیف دہ ہے کہ زمبابوے نے آئی سی سی ایونٹ میں آسٹریلیا کو بے بسکرد یا۔ سری لنکا کے خلاف محض20 رنز پر6 وکٹیں گنوانے جیسے لمحات نے ٹیم کی کمر توڑدی۔دو بار ورلڈکپ جیتنے والے کپتان نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا کے باہر ہونے کے بعد انہیں اپنے ہندوستانی دوستوں کی جانب سے مذاق اور طنزکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا عام طور پر میں ہی وہ شخص ہوتا ہوں جو جوابی طنزیہ پیغامات بھیجتا ہے ، لیکن صورتحال بالکل مختلف ہے ، مجھے یہ سب برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔