پونچھ اور کٹھوعہ میں سرحدوں پر فائرنگ، آرمی پورٹر زخمی اور متعدد مکانات کو نقصان

   

جموں22مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) جموں وکشمیر کے پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بین الاقوامی سرحد پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں فوج کے ساتھ کام کرنے والا ایک مزدور (پورٹر) زخمی اور متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اتوار کو دن کے قریب دو بجکر 45 منٹ پر ضلع پونچھ کے شاہپور سیکٹر میں ہندوستانی فوج اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ منٹوں تک جاری رہنے والی اس فائرنگ میں فوج کے ساتھ کام کرنے والا 26 سالہ محمد شوکت نامی مزدور زخمی ہوا جسے فوری طور پر ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔دریں اثنا ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد کے ہیرا نگر سیکٹر میں گذشتہ رات ہندوستان اور پاکستانی کی افواج کے درمیان گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ایک رپورٹ کے مطابق قریب سات گھنٹوں تک جاری رہنے والے گولہ باری کے تبادلے میں چار رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔