پونچھ اور کٹھوعہ میں سرحدوں پر گولہ باری، کوئی نقصان نہیں

   

پاکستانی فوج کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں

جموں:جموں و کشمیر کے سرحدوں پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے بالاکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعہ کو قریب 11:45 بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کر دی۔انہوں نے بتایا کہ وہاں موجود بھارتی فوجی جوانوں نے حملے کا بھرپور جواب دیا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔دریں اثنا ضلع کٹھوعہ میں بین الاقوامی سرحد پر جمعے کی شب قریب دس بجے ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان آمنا سامنا ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کٹھوعہ کے ہیرانگر سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جمعہ کی شب قریب دس بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ طرفین کے درمیان گولہ باری کے تبادلے کا سلسلہ صبح کے قریب پونے چار بجے تک جاری رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے گرنام اور کرول کرشنا علاقوں میں قائم چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا تاہم فی الوقت کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سال 2003 میں جنگ بندی معاہدہ طے پانے کے باوجود بھی جموں و کشمیر کے سرحدوں پر طرفین کے درمیان ایک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے۔