پونچھ سیکٹر میں ہند۔پاک افواج ایک بار پھر آمنے سامنے

   

جموں 17جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور پاکستان کی افواج جموں وکشمیر میں سرحدوں پرا یک دوسرے کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا کراپنی طاقت آزمائی کے سلسلے کو تواتر کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔میڈیا کو سرکاری ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جموں کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں جمعرات کی صبح حدمتارکہ پر ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔اس فائرنگ کا تبادلہ صبح کے قریب ساڑھے چار بجے شروع ہوکرساڑھے چھ بجے رُک گیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرکے کھری کرمارا علاقے میں ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ ہندوستانی فوج نے بھی پاکستان کی طرف سے بلااشتعال فائرنگ کا بھر پور جواب دیا۔تاہم کسی بھی طرف کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پونچھ اور راجوری میں حدمتارکہ پر طرفین کے درمیان گولہ باری کے سلسلے میں اضافہ ہورہا ہے ۔