پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک شہری زخمی

   

جموں، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے مینڈھر اور بالاکوٹ سیکٹروں میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی رات کے دوران ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے مابین گولہ باری کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں سرحد کے اس پار ایک سویلین اور کئی مویشی زخمی ہونے کے علاوہ کچھ رہائشی ڈھانچوں کو نقصان بھی پہنچا ہے۔ زخمی سویلین کی شناخت گولاڈ ناونی پونچھ کے رہنے والے محمد یاسر ولد محمد رشید کے طور پر ہوئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے مینڈھر اور بالاکوٹ سینکڑوں پر پاکستانی فوج کی طرف سے گذشتہ رات قریب 11بجے فائرنگ کی گئی جس کا ہندوستانی فوج نے مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ 3گھنٹوں کے ٹھہرائو کے بعد پاکستانی فوج نے قریب 3بجے ایک بار پھر فائرنگ اور مارٹر شیلنگ شروع کردی جسکے نتیجے میں ایک سویلین اور کئی مویشی زخمی ہوئے نیز کچھ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایا کہ گولہ باری کے تبادلے کے دوران زخمی ہونے والے محمد یٰسین کو علاج کیلئے سب ضلع ہاسپٹل مینڈھر میں داخل کرایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یٰسین کی ایک ٹانگ میں مارٹر گولوں کے آہنی ریزے لگے ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کی جانب سے پھینکا جانے والا ایک مارٹر شیل بجلی کی ترسیلی لائن کو لگا ہے جسکے نتیجے میں ناونی گولاڈ کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی ہے۔ کورونا قہر کے درمیان سرحدوں پر گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کا جینا مزید مشکل ہوگیا ہے۔