سری نگر : جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ رات ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ ضلع پونچھ کے منکوٹ سیکٹر میں ایل او سی پر گذشتہ رات قریب تین بجکر بیس منٹ پر پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنا کر شدید گولہ باری شروع کر دی۔انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوجی اہلکاروں نے حملے کا بھر پور جواب دیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق ایل او سی اور بین الاقوامی سرحد پر طرفین کے درمیان گذشتہ دس دنوں کے دوران گولہ باری کے تبادلے کے کم از کم ایک درجن واقعات پیش آئے ہیں۔یکم اور 2 اکتوبر کو کپوارہ اور پونچھ اضلاع میں ایل او سی کے نوگام اور کرشنا گاٹھی سیکٹروں پر پاکستانی فائرنگ سے فوج کے تین اہلکار ہلاک جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوگئے ۔