پونچھ میں ایل او سی پر ہند پاک افواج کا آمنا سامنا

   

جموں۔3 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر منگل کی صبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔دفاعی ذرائع کے مطابق پونچھ میں ایل او سی پر منکوٹ اور مینڈھر سیکٹروں میں پاکستانی فوج نے منگل کی صبح قریب ساڑھے تین بجے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فارئرنگ اور گولہ باری شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے اس کا بھر پور اور موثر جواب دیا اور طرفین کے درمیان گولی باری کا تبادلہ پانچ بجے کے قریب رک گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔قابل ذکر ہے کہ دو نوں ممالک کے درمیان سال 1999 کے تنازعے کے بعد سال 2003 میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پانے کے باوجود طرفین کے درمیان ایل او سی پر گولہ باری اور فائرنگ کا تبادلہ اب ایک معمول بن گیا ہے ۔