پونچھ میں فضائیہ کے قافلہ پر دہشت گرد حملہ،سیکورٹی فورسز

   

کی دوسرے دن بھی تلاشی مہم جاری ،ضلع میں ہائی الرٹ
جموں: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں ہندوستانی فضائیہ کے قافلے پر حملے کے بعد فوج، پولیس ، ایس او جی اور پیرا کمانڈوز نے ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا جو دوسرے دن بھی جاری رہا۔ ہیلی کاپٹروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔ ہفتہ کی شام پونچھ کے گرسائی سرنکوٹ علاقے میں دہشت گردوں نے فضائیہ کے قافلے پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں فضائیہ کے پانچ اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے بعد ازاں ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔اطلاعات کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اتوار کی صبح ایک درجن کے قریب علاقوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن لانچ کیاتاکہ جلدازجلد حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا جاسکے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگل کے علاقے میں دہشت گردوں کو ڈھونڈ نکالنے کی خاطر جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ دریں اثنا حملے کے بعد پونچھ ضلع میں جگہ جگہ عارضی چیک پوائنٹس قائم کئے گئے جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ پونچھ میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے ۔پولیس نے تلاشی کے دوران 6 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔