پونچھ میں نو مقامات پر این آئی اے کے دھاوے

   

جموں۔ قومی تحقیقات ایجنسی (این آئی اے) نے اتوار کو جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں نو مقامات پر چھاپے مارے۔ تحقیقاتی ایجنسی نے ایک بیان میں کہا کہ معطل شدہ ایل او سی تجارت کی تحقیقات کے سلسلے میں این آئی اے نے اتوار کو جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور آئی ٹی بی پی کے ساتھ مل کر ضلع پونچھ میں نو مقامات پر چھاپے مارے۔ اس میں کہا گیا کہ این آئی اے نے 9 دسمبر 2016 کو ایک مقدمہ درج کیا تھا۔ ایل او سی پر تجارت سال 2008 میں جموں و کشمیر اور پاکستان زیر قبضہ کشمیر کے درمیان اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر شروع کی گی تھی۔ بیان میں کہا گیا کہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران مشتبہ افراد کے گھروں یا دفاتر سے دستاویزات، ڈیجیٹل آلات اور دیگر ممنوعہ مواد برآمد کیا گیا ہے۔اس میں کہا گیا کہ یہ مقدمہ کیلیفورنیا بادام اور دیگر مصنوعات کی درآمد کے ذریعہ بڑے پیمانے پر فنڈز کو پاکستان سے ہندوستان بھیجنے کا ہے۔ یہ تجارت بارہمولہ میں سلام آباد، اوڑی اور پونچھ میں چکاں دا باغ ٹریڈ سینٹرز پر ہوتی تھی۔