سرحدی چوکیوں اور شہری علاقے نشانہ ، ہندوستانی فوج کی جوابی کارروائی
جموں ۔12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب پاکستانی فوج کی طرف سے سرحدی چوکیوں اور شہریوں کو نشانہ بناتے ہوئے مورٹار شلس اور چھوٹے اسلحہ سے فائرنگ کی گئی، جس کے بعد ہندوستانی فوج نے موثر جوابی فائرنگ کی۔ پاکستان نے بھاری اسلحہ کے علاوہ 120 ایم ایم مورٹار بم برسائے اور شہری علاقوں کو نشانہ بنایا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ عوام کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ ڈیفنس پی آر او نے کہا کہ ’’ تقریباً 08:30بجے پاکستانی فوج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پونچھ کے سواجھیان سیکٹر میں مورٹارس کے ذریعہ شل باری کی اور چھوٹے اسلحہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ‘‘ ۔ ہندوستانی فوج نے اس اشتعال انگیزی کا مقابلہ کرتے ہوئے مؤثر جواب دیا ۔ پاکستان کی فائرنگ میں بشمول دو خواتین تین افراد زخمی ہوگئے جن کی شناخت 19سالہ تصویر اختر اور 18سالہ شبینہ اختر ساکن موضع چھپریان کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ سرحدی علاقے چھپریان۔ سواچیان میں ایک شخص غنی میر کے گھر کو شدید نقصان پہنچا ۔ پاکستانی فوج اس شہری علاقہ کو اکثر نشانہ بنارہی ہے اور مقامی عوام نے اپنے تحفظ کیلئے بنکروں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے ۔ موضع چھپریان کے عبدالرشید نے کہا کہ ’’ ہم سرحدی حصار کے قریب رہتے ہیں لیکن ہمارے لئے بنکرس جیسے حفاظتی ٹھکانے نہیں ہے ‘‘ ۔
