پونچھ میں پاکستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ

   

جموں 9 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے قریب واقع دیہاتوں اور سرحدی چوکیوں پر پاکستانی فوج نے فائرنگ کی اور اُنھیں مورٹر شلباری کا نشانہ بنایا۔ دفاع کے ترجمان نے کہاکہ پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے ساتھ شاہ پور سیکٹر پر دوپہر 12.15 بجے چھوٹے اسلحہ سے بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی اور مورٹار حملے بھی کئے گئے۔ ترجمان نے کہاکہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک سرحد پار سے شلباری کا سلسلہ جاری تھا۔ لیکن پاکستانی شلباری کے نتیجہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے۔ اس دوران ضلع پونچھ میں بالا کوٹ سیکٹر کے قریب فوج نے اتوار کی رات ایک 20 سالہ نوجوان فریاد علی ساکن کوٹلی، پاکستان مقبوضہ کشمیر کو لائن آف کنٹرول پر روکنے کے بعد حراست میں لے لیا جس نے سرحد پار سے دراندازی کی تھی۔ فرہاد علی سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ گرفتار شدہ نوجوان ذہنی طور پر معذور معلوم ہوتا ہے اور جس کو اس کی سرحد میں چھوڑ دیا جائے گا۔ سرینگر ۔ جموں ۔ پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر باغ باہو کے قریب پولیس نے منشیات کے دو مشتبہ اسمگلروں نتیش کمار اور پرمود کمار دونوں ساکن لدھیانہ پنجاب کو اُس وق روکنے کے بعد گرفتار کرلیا جب وہ ایک ٹرک کے ذریعہ سفر کررہے تھے۔