سری نگر۔ 14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر ہفتہ کی علی الصبح ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا ہے ۔ زخمی شہری کی شناخت محمد رفیق ساکن ملک پور مینڈھر کے بطور ہوئی ہے ۔پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں ایل او سی پر ہفتہ کی علی الصبح پاکستانی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں محمد رفیق نامی ایک شہری زخمی ہوا۔ انہوں نے بتا یا کہ زخمی شہری کو فوری علاج ومعالجے کیلئے ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔دریں اثنا ایس ایچ او مینڈھر طاہر یوسف خان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر محمد رفیق صبح 4 بجے گھر کے باہر نماز فجر کی ادائیگی کیلئے وضو کررہا تھا جب گولی اس کے ران میں پیوست ہوگئی۔
