پونچھ میں ہند ۔ پاک افواج کی شدیدگولہ باری

,

   

راجوری کے سیکٹرس میں بھی شلباری ۔ ایک خاتون ہلاک ، جوان زخمی
جموں،28 فروری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے اضلاع پونچھ اور راجور ی میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔شہری علاقوں کو نشانہ بنانے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ ایک جوان زخمی ہوا ۔ دفاع ترجمان نے بتایا کہ ضلع پونچھ میں کرشنا گھاٹی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر جمعرات کی صبح قریب 6 بجے پاکستانی فوج نے بلا اشتعال ہندوستان کی چوکیوں پر شدید گولہ باری اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کی۔انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی فوج نے بھی بھرپور اور موثر جوابی کارروائی کی اور طرفین کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا۔دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے دوپہر ایک بجے پھر اسی سیکٹر میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور مارٹر گولے داغنے کے علاوہ ہلکے ہتھیاروں سے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔دریں اثنا ضلع مجسٹریٹ جموں رمیش کمار نے سرحد سے پانچ کلومیٹر کے اندر اندر آنے والے تمام سرکاری وپرائیویٹ تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں نیز سانبہ کے چیف ایجوکیشن آفیسر نے بھی ضلع میں تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے ہیں جبکہ صوبائی انتظامیہ نے آٹھویں جماعت کے امتحان کو ملتوی کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ذرائع کے مطابق پونچھ اور راجوری میں ایل او سی پر گولہ باری سے متاثر ہونے والے سرحدی علاقوں میں لوگوں کا محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کا سلسلہ جاری ہے ۔نقل مکانی کرنے والے افراد نے بتایا کہ گولہ باری کا سلسلہ گذشتہ کئی روز سے جاری ہے اور اس کے نتیجے میں متعدد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔