پونچھ میں2 دہشت گرد ہلاک، علاقہ میں سرچ آپریشن جاری

,

   

جموں: جموں وکشمیرکے پونچھ علاقے میں جاری تصادم میں سیکورٹی اہلکاروں کو کامیابی ملی ہے۔ ہندوستانی جوانوں نے پاکستان کی سازش کو ناکام کردیا ہے۔ اس تصادم میں سیکورٹی اہلکاروں نے دو دہشت گردوں کو مار گرایا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ اتوار کو پونچھ واقع دگران پوشان علاقے میں سیکورٹی اہلکاروں اور تین دہشت گردوں کے درمیان گولی باری ہوئی تھی۔خاص بات یہ ہے کہ ان دہشت گردوں میں دو پاکستانی ہیں۔ جبکہ ایک مقامی ہے۔ یہ اطلاع جموں وکشمیر پولیس نے دی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو خودسپرد ہونے کیلئے کہا تھا، لیکن ان کی طرف سے گولی باری شروع ہوگئی تھی، جس کا ہندوستانی سیکورٹی اہلکاروں نے منہ توڑ جواب دیا۔ گزشتہ چہارشنبہ کو ہی ریاست کے پلوامہ ضلع میں سیکورٹی اہلکاروں نے تین دہشت گردوں کو مار گرایا تھا۔ اس گولی باری میں ایک مقامی شہری بھی زخمی ہوگیا تھا۔ پولیس افسران سے ملی اطلاعات کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے پلوامہ کے تکن علاقے میں سرچ آپریشن چلایا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں کی طرف سے پہلے گولی باری شروع کی گئی تھی۔حال ہی میں جموں وکشمیر میں پاکستان نے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ کچھ ہفتوں پہلے ہی سیکورٹی اہلکاروں کو نگروٹا شہر میں بڑی کامیابی ملی تھی۔ جوانوں نے جیش محمد کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔ افسران نے اطلاع دی تھی کہ دہشت گرد ایک ٹرک میں چھپ کر آئے تھے۔ یہ دہشت گرد 26/11 کی برسی پر بڑے حملے کی سازش کر رہے تھے۔جموں وکشمیر میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات جاری ہیں، جس کے سبب ریاست میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کردیئے گئے ہیں۔ اتوار کو یہاں 31 انتخابی حلقوں میں چھٹے مرحلے کی ووٹنگ ہونی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 334 پنچ اور 77 سرپنچ سیٹوں کیلئے بھی ووٹنگ کی جانی ہے۔ ان انتخابات کیلئے پوری کشمیر وادی میں ملٹی ٹیئر سیکورٹی تعینات کی گئی ہیں۔