جموں۔ 30جولائی(یو این آئی) جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں پاکستانی شیلنگ کے دوران اپنے والدین کو کھو دینے والے 30 بچوں کی تعلیم کا خرچ راہول گاندھی نے اپنے ذمہ لے لیا ہے ۔ بدھ کے روز انڈین یوتھ کانگریس نے ان بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لیے چیک تقسیم کیے ، جو راہول گاندھی کی جانب سے فراہم کیے گئے ۔ یہ امدادی قدم اُس وقت اٹھایا گیا جب رواں برس مئی میں لائن آف کنٹرول پر آپریشن سندور کے دوران پاکستانی افواج کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی، جس میں کئی شہری جاں بحق ہو گئے تھے ۔ ان جاں بحق افراد میں ایسے بھی تھے جن کے بچے یتیم ہو گئے ۔ اب ان بچوں کی تعلیمی دیکھ بھال کی ذمہ داری کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے سنبھالی ہے ۔ چیکس کی تقسیم پونچھ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران عمل میں آئی، جس میں جموں و کشمیر پردیش کانگریس کے صدر طارق حمید قرہ، انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادے بھانو چِب، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری شھنواز چودھری، اور ریاستی کانگریس کے کارگزار صدر رمن بھلا نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادے بھانو چِب نے کہا،‘جہاں حکومتیں منہ موڑ لیتی ہیں، وہاں راہول گاندھی مدد کے لیے سامنے آتے ہیں۔ یہ پونچھ کے وہ معصوم بچے ہیں جنہوں نے اپنے والدین کو جلدی کھو دیا، لیکن اب وہ اکیلے نہیں ہیں۔ عوامی لیڈر راہول گاندھی نے ان کی مکمل تعلیمی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ راہول گاندھی کا واحد مقصد یہ ہے کہ مدد ہر حال میں فوری طور پر ان بچوں تک پہنچائی جائے ۔چِب نے کہا کہ میں خود جموں و کشمیر سے ہوں اور اس جذبے کے لیے راہول گاندھی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کانگریس کی اس چھوٹی سی کوشش کو خلوصِ نیت کے ساتھ قبول کریں۔ چِب نے کہا کہ راہول گاندھی نے ہمیشہ دکھ سکھ میں عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، عوام کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑتے اور آج کا اقدام اس بات کی بہترین مثال ہے ۔