ٹوکیو ۔ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلوان بجرنگ پونیا جن سے ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کو گولڈ میڈلکی امید تھی آج سیمی فائنل مقابلے میں اولمپک کے برونز میڈل کے فاتح اور تین مرتبہ کے عالمی چمپئن آذربائیجان کے حریف کھلاڑی حاجی علییف سے12-5 سے ہارگئے ۔ بجرنگ اب برونز میڈل کے لئے ریپے چیج مقابلے کے فاتح سے کھیلیں گے ۔ سیمی فائنل میں شکست کے ساتھ ہی بجرنگ پونیا کا گولڈ میڈلکا خواب ٹوٹ گیا لیکن ان کے پاس میڈل جیتنے کا ایک اور موقع باقی ہے ۔ بجرنگ ایران کے مرتضیٰ غیاثی کو شکست دے کر مردوں کے فری اسٹائل65 کلوگرام زمرے کشتی کے سیمی فائنل مقابلے میں پہنچے تھے ۔ قبل ازیں انہوں نے آج صبح پری کوارٹرفائنل مقابلے میں قازقستان کے کھلاڑی کو شکست دی تھی۔