پونے ، 6 جون (یو این آئی) مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے جمعہ کو اعلان کیا کہ بیڑ ضلع میں ہتھیاروں کے غیر ضروری لائسنس منسوخ کرنے کے فیصلے کے بعد پونے ضلع میں بھی ایسے ہی اقدامات کیے جائیں گے ۔ بیڑ میں پولیس نے تمام ہتھیاروں کے لائسنسوں کی جانچ پڑتال کی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ہولڈر کو آتشیں اسلحے کی واقعی ضرورت ہے یا نہیں۔ یہ کریک ڈاؤن سرپنچ سنتوش دیشمکھ کے قتل کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ پونے اور بیڑ دونوں اضلاع کے سرپرست وزیر اجیت پوار نے کہا کہ بیڑ انتظامیہ نے کچھ لائسنس منسوخ کر دیے ہیں اور پونے میں بھی اس طرح کے اقدامات کے لیے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ پونے میں اسلحہ لائسنس اس وقت زیر بحث آئے جب معلوم ہوا کہ وشنوی ہاگوانے کے خودکشی کیس سے منسلک افراد کو ہتھیاروں کے لائسنس دیے گئے تھے ۔ وشنوی (26) نے 16 مئی کو پونے میں مبینہ طور پر خودکشی کی، جس کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ اس کے سسرال والوں نے جہیز کے لیے تشدد کیا۔ اس کے سسر راجندر ہاگوانے کو نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے نکال دیا گیا۔ راج ٹھاکرے کی مہاراشٹرا نو نرمان سینا اور ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا (یو بی ٹی) کے ممکنہ اتحاد کے بارے میں پوچھے جانے پر اجیت پوار نے کہا کہ دونوں پارٹیوں کے سربراہ اپنے فیصلے خود کریں گے اور سیاسی قیاس آرائیوں کا کوئی فائدہ نہیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بی جے پی، این سی پی اور شیو سینا مل کر حکمت عملی طے کریں گی اور فی الحال سب اپنی پارٹیوں کو مضبوط کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
