پونے میں بی جے پی ایم پی کی شر انگیزی ‘سبز دیوار کو بھگوا رنگ سے بدل دیا

,

   

پونے:بی جے پی رکن پارلیمنٹ میدھا کلکرنی نے مہاراشٹرا میں ایک نیا ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔ میدھا کلکرنی نے ہفتہ 28 ڈسمبر کو پارٹی کارکنان کے ساتھ شہر میں ایک سبز رنگ کی دیوار کو بھگوا رنگ سے رنگ دیا۔ اس کے بعد سیاسی حلقوں میں الزامات اور جوابی الزامات کا دور شروع ہو گیا۔ بی جے پی ایم پی کے اس شر انگیز اقدام پر اپوزیشن پارٹیاں تنقید کررہی ہیں۔ وہیں راجیہ سبھا ایم پی میدھا کلکرنی نے دیوار کو رنگنے کے پیچھے یہ دلیل دی کہ دیوار کو جان بوجھ کر ہرا کر دیا گیا تھا جو سازش کا حصہ ہے۔میدھا کلکرنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کر کے اس کی معلومات شیئر کی تھیں۔ انہوں نے اس پوسٹ کے ساتھ دیوار کو رنگنے کی کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔ انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ کل ایک واٹس ایپ میسج وائرل ہوا کہ سدشیو پیٹھ میں گیانپربودھنی اسکول کے ساتھ والی گلی کو ہرے رنگ سے رنگا گیا ہے اور وہاں مالا، پھول اور اگربتی جلائی گئی ہے۔ میں آج اس کی جانچ کرنے گئی تھی۔ میں نے سنگرام دھولے پاٹل، سنکیت مہندلے، یشپال جادھو کے ساتھ مل کر دیوار کو بھگوا بنایا۔ ہرے پر بھگوا رنگ لگانا دلچسپ تھا۔ بی جے پی ایم پی نے اسے سازش قرار دیا اور کہا کہ صرف پونے نہیں بلکہ مہاراشٹرا سمیت کئی دیگر جگہوں پر بھی حال میں اس قسم کی سرگرمیاں بڑھی ہیں۔ انہوں نے اپنا فون نمبر بھی شیئر کیا۔ کلکرنی کے ٹوئیٹ کے بعد کافی ہنگامہ ہوا۔ ادھو سینا نے اس قدم پر سوالات اٹھائے اور بچکانہ بتایا۔ شیو سینا (یو بی ٹی) کی سشما اندھارے نے بی جے پی کی ترجیحات پر سوال اٹھائے ہیں۔ اندھارے نے پوچھا کہ کیا میدھا کلکرنی نے خواتین کی حفاظت جیسے مسائل کیلئے ویسی فکر دکھائی، جیسی انہوں نے دیوار پر پینٹنگ کرنے دکھائی؟ ۔