پونے میں جعلی کرنسی بنانے والا گروہ بے نقاب، 5 گرفتار

   

ممبئی : پونے ضلع کے شیواجی نگر پولیس اسٹیشن کے سائبر سیل نے جعلی کرنسی چھاپنے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے دو خواتین سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 28 لاکھ 66 ہزار روپے کے جعلی نوٹ اور 2 لاکھ 4 ہزار روپے کی اصلی کرنسی برآمد کی ہے ۔ اس کے علاوہ پولیس کو جائے وقوعہ سے پرنٹر، سیاہی، خالی کاغذ اور نوٹ چھاپنے کے لیے استعمال ہونے والی مشینری اور دیگر سامان بھی دستیاب ہوا، جنہیں ضبط کر لیا گیا ہے ۔ شیواجی نگر پولیس ٹیم اس معاملے کی تفصیلی تفتیش میں مصروف ہے ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سندیپ سنگھ گل نے میڈیا کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ 17 اپریل کو شیواجی نگر میں واقع ایک بینک کے عملے نے 200 روپے کے جعلی نوٹ جمع ہونے کی شکایت کی تھی، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کی۔ تفتیش کے دوران پولیس نے منیشا سوپنل تھانیکر نامی خاتون کو حراست میں لیا، جس کے قبضے سے 200 روپے مالیت کے 100 جعلی نوٹ برآمد ہوئے ۔