پونے کار واقعہ : ملزم کی پولیس اسٹیشن میں پیزا اور برگر سے تواضع !!

   

طبی معائنہ کروانے 8 گھنٹے کی تاخیر ۔ متوفی لڑکے اور لڑکی کی زیادہ تحقیقات ۔ پولیس عملہ سے بھی پوچھ تاچھ ہوگی

ملزم نوجوان کے ’ دادا ‘ سے پوچھ تاچھ
پونے : پونے پولیس نے آج کارواقعہ معاملہ میں 17 سالہ ملزم نوجوان کے دادا سے پوچھ تاچھ کی ہے ۔ اس واقعہ میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ پولیس نے ملزم نوجوان کے ایک دوست اور اس کے ڈرائیور سے بھی پوچھ تاچھ کی ہے جو حادثہ کے وقت اس کے ساتھ تھے ۔ جوینائیل جسٹس بورڈ نے اس نوجوان کو کل ریمانڈ ہوم کو منتقل کردیا تھا ۔ لڑکے کے دادا کو پولیس نے ملزم کے والد کے خلاف درج مقدمہ میں طلب کرتے ہوئے پوچھ تاچھ کی ہے ۔ اس کے علاوہ اس بار کے اسٹاف و مالک کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا جہاں اس لڑکے نے شراب نوشی کی تھی ۔ ملزم کے دادا کو اس کے بیٹے رئیل اسٹیٹ ڈیولپر وشال اگروال سے ملایا گیا اس موقع پر کچھ صحافیوں نے معمر شخص سے کچھ سوال پوچھنے کی کوشش کی جس پر ان کے عملہ نے میڈیا سے بھی بدسلوکی کی جس پر بعد وہاں گرما گرم مباحث ہوئے ۔

پونے : پونے میں دولتمند باپ کے نوجوان لڑکے کی جانب سے کئے گئے کار حادثہ نے آج ایک نیا موڑ اختیار کرلیا ہے ۔ یہ حادثہ اتوار کی صبح اولین ساعتوں میں پیش آیا تھا جن میں دو افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ اس معاملے میں دو افراد کی موت کے باوجود اس نوجوان لڑکے کو محض 15 گھنٹے میں ضمانت دیدی گئی تھی ۔ اب حادثہ کے بعد قاعدہ کے مطابق کارروائی نہ کئے جانے کے الزاماتسامنے آئے ہیں اور سمجھا جا رہا ہے کہ ایک معروف بلڈر کے 17 سالہ لڑکے کو پولیس تحویل میں بھی خصوصی پروٹوکول دیا گیا ۔ یہ الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ دو افراد کی موت کے ذمہ دار نوجوان کی پولیس اسٹیشن میں پیزا اور برگر سے تواضع کی گئی اور اسے خصوصی مراعات دئے گئے تھے ۔ ان الزامات کے بعد اب پولیس کے رول کی تحقیقات کا امکان بھی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر پولیس اشونی راکھ ان پولیس عہدیداروں اور عملہ سے پوچھ تاچھ کرینگے جو یروڈہ پولیس اسٹیشن پر متعین تھے جہاں اس واقعہ کی شکایت درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس عملہ پر الزام ہے کہ اس انتہائی بھیانک اور دو افراد کی جان لینے والے حادثہ کو بھی غیر اہم قرار دیتے ہوئے پیش کیا گیا ہے اور طبی معائنوں میں تاخیر کی گئی ہے ۔ لڑکے کے طبی معائنے بسرعت کئے جانے چاہئے تھے ۔ سب سے حیرت انگیز یہ ادعا ہے کہ پولیس عملہ مہلوک نوجوانوں انیش اودھیا اوراشونی کوشتا کے خلاف ہی تحقیقات کی کوشش کر رہی تھی ۔ یہ دونوں سافٹ ویر پروفیشنلس تھے ۔ پولیس اسٹیشن میں نوجوان کو پیزا اور برگر دینے کا الزام دو مرتبہ کے سابق ایم پی اور ونچت بہوجن اگھاڑی کے سربراہ پرکاش امبیڈکر نے عائد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یروڈہ پولیس اسٹیشن میں انیش اور اشونی کی ریلیشن شپ پر زیادہ بحث کی گئی جبکہ دونوں ہی اس حادثہ میں جان گنوا بیٹھے ہیں جبکہ ملزم کی تواضع پیزا اور برگر سے کی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ نوجوان کے خون میں الکوہل کی حد کا پتہ چلانے طبی معائنہ بھی 8 گھنٹے کی تاخیر سے کروایا گیا تاکہ کیس کی سنگینی کو دبایا جاسکے ۔ حادثہ کے ذمہ دار نوجوان کو محض 15 گھنٹوں میں ضمانت دیدی گئی تھی تاہم شدید عوامی برہمی کے بعد اسے 5 جون تک کیلئے ریمانڈ ہوم کو بھیج دیا گیا ہے ۔