ممبئی: ممبئی کی خصوصی سیشن عدالت کے جج بی ڈی شیلکے نے گزشتہ کل مہاراشٹر کے پونے شہر کے رہنے والے شیخ اعجاز شیخ سعید نامی شخص کو ناکافی ثبوت و شواہد کی بنیاد پر دہشت گردی کے مقدمہ سے بری کردیا ۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) نے یہ قانونی امداد فراہم کی۔ملزم پر انڈین مجاہدین نامی تنظیم کی جانب سے نیوز چینل اور اخباروں کو دہلی بم دھماکہ اور فائرنگ کی اطلاع دینے کا الزام تھا ۔ ممبئی سائبر سیل پولس اسٹیشن نے 19؍اکتوبر 2010ئکو مقدمہ درج کیا تھا ۔ ملزم پر تعزیرات ہند کی دفعات ۴۶۵، ۴۶۷، ۴۶۸، ۴۱۹، ۱۵۳، ۵۰۷ اور یو اے پی اے قانون کی دفعات ۱۰، ۱۶ اور ۱۸ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا ۔ مشتبہ ای میل بی بی سی نیوز چینل کی جانب سے ممبئی سائبر سیل پولس اسٹیشن کو بھیجا گیا تھا ،جس کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ممبئی سیشن عدالت کی جانب سے ٹرائل شروع کئے جانے کے وقت ملزم کے اہل خانہ نے جمعیۃعلماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی سے قانونی مدد طلب کی تھی، جس کے بعد جمعیۃ علماء مہاراشٹرقانونی امداد کمیٹی نے ایڈوکیٹ حسنین قاضی کو ملزم کے دفاع میں پیش ہونے کے لئے مقرر کیا۔دوران سماعت عدالت میں استغاثہ نے 9؍ سرکاری گواہوں کو ملزم کے خلاف گواہی دینے کے لئے عدالت میں پیش کیا ،جس سے دفاعی وکیل حسنین قاضی نے جرح کی ۔