واقعہ پر دیگلور کے مضافات میں سراسمیگی ، ملزمین گرفتار ، ناجائز تعلقات کے شبہ پر انتہائی اقدام
دیگلور ۔ 10 جنوری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) دیگلور بارڈر پر ادھ جلی ہوئی نعش ملنے سے دیگلور بختاپور مضافات میں سراسیمگی پائی جاتی ہے۔ پونے مہاراشٹرا کے محلہ کاڑے واڑی سے اغواء کئے گئے ایک ممتاز ایڈوکیٹ کا ناندیڑ ضلع کے دیگلور سے متصل سرحد پر بڑی بیدردی کے ساتھ صرف قتل ہی نہیں کر دیا گیا بلکہ اس قتل کی واردات کا کسی پر بھی راز افشاء نہ ہواور پتہ ہی نہ چلے اس لیے ملزمین نے بڑی چالاکی کے ساتھ پانچ سو کلومیٹر دور لاکر قتل پھر اس کی لاش جلانے کی کوشش کی گئی لیکن پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرے، فوٹیج کے ذریعے دیگلور پہنچ کر جائے واردات سے آدھی جلی نعش برآمد کی ۔ ایڈوکیٹ شیوشنکر دتا تریہ ساکن پونے کا وکالت خانہ محلہ وجئے نگر، کاڑے واڑی ،پونے میں قائم ہے۔ ہفتہ 31 دسمبر کو دوپہر سے وہ لاپتہ بتلائے گئے ہیں۔ ان کے رشتہ داروں نے یکم/ جنوری2023 اتوار کی صبح پونے کے واکڑ پولیس اسٹیشن میں ایڈوکیٹ شیوشنکر کی گمشدگی کی تفصیلی رپورٹ درج کروائی۔متوفی ایڈوکیٹ شیوشنکر کی بیوی نے اپنے شوہر کے اغواء ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے معاملہ درج کروایا تھا اور کہا تھا کہ انہیں راجیشور جادھؤ پر شک ہے۔جس کی بنیاد پر پولیس نے راجیشور جادھؤ کو پونے سے گرفتار کیا۔اسی دوران ان دنوں دیگلور سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع بختا پور سے متصل تلنگانہ کی سرحد پر ایڈوکیٹ شیوشنکر دتاتریا شنڈے کی جلی ہوئی لاش کی اطلاع پولیس کو دی گئی چنانچہ پیمپری ۔ چنچوڑ کی پولیس نے ملزم کے موبائیل لوکیشن سے پتہ لگایا ، چنانچہ پولیس نے ان تین ملزمین کو گرفتار کرنے پر پتہ چلا کہ متوفی ایڈوکیٹ کے ملزمین کی ایک رشتہ دار کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم تھے۔، ملزم راجیشور جادھؤ کی ایک رشتہ دار خاتون ایڈوکیٹ شنڈے کے وکالت خانے میں منشی کا کام کرتی تھی اور اس دوران ان دونوں کے ناجائز تعلقات قائم ہونے کا شبہ ملزم کو تھا چنانچہ اس نے ایڈوکیٹ سے بدلہ لینے کی ٹھان لی تھی اس زخم کو اپنے دل میں رکھتے ہوئے اس وکیل کا موقع پاتے ہی اُس کے وکالت خانے سے اغواء کرلیا۔ اغوا کرنے کے بعد ملزمین نے پونے کے محلہ چکھلی سے ایک ڈرم ٹانکی خریدا اور متوفی کے ہاتھ پاؤں باندھ کر وکیل کو اس ڈرم میں قید کردیا گیا اور ایک گاڑی ٹیمپو لیتے ہوئے وہ سیدھا بختا پور تعلقہ دیگلور پہنچے اور وہاں پر جا کر انھوں نے وہ ڈرم ٹانکی کھولا تو اس میں وکیل مردہ پایا گیا جس پر انہوں نے اس کی لاش کو باہر نکال کر آگ لگائی پورا جسم نہ جلنے کی وجہ سے آدھا جسم ویسے ہی رہ گیا۔ بعدازاں اس کو پولیس نے سی سی ٹی وی کیمرہ فوٹوز فوٹیج کے ذریعے حاصل کیا اس طرح سے ایک فوٹیج میں ملزم راجیشور تو پونے کے دوسرے فوٹیج میں وکیل کا عکس بھی ٹیمپو میں دکھائی دیا اور اُس گاڑی ٹیمپو کی شناخت متوفی کی لاش کے پاس سے کی گئی۔