پون کلیان فرزند مارک شنکر کے ہمراہ سنگاپور سے وطن واپس

   

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان اپنے افراد خاندان کے ساتھ سنگاپور سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ سنگاپور کے ایک اسکول میں پیش آئے آتشزدگی واقعہ میں پون کلیان کے فرزند مارک شنکر زخمی ہوگئے تھے اور اطلاع ملتے ہی پون کلیان سنگاپور روانہ ہوگئے۔ سنگا پور کے ہاسپٹل میں مارک شنکر کا علاج کیا گیا۔ پون کلیان اپنی شریک حیات انالیجی نوا اور فرزند مارک شنکر اور دختر پی انجنا کے ہمراہ کل رات حیدرآباد پہنچے۔ پون کلیان کا حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر رشتہ داروں نے استقبال کیا۔ پون کلیان اپنے فرزند مارک شنکر کو گود میں اٹھائے ہوئے تھے اور ان کی حالت اطمینان بخش بتائی جاتی ہے۔ پون کلیان نے مارک شنکر کی صحت کے بارے میں سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ مارک شنکر کی صحت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔ مارک شنکر کے زخمی ہونے کی اطلاع ملنے پر کئی اہم سیاسی قائدین نے پون کلیان سے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی، چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو، سابق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی، چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی اور کئی اہم شخصیتوں نے پون کلیان سے ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔8 اپریل کو سنگاپور کے اسکول میں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔1