3 فیصد آبادی رکھنے والے طبقہ سے کانگریس پارٹی کا بیڑہ غرق
حیدرآباد : کانگریس کے سینئر قائد وی ہنمنت راؤ نے کل ہی ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کا صدر بنانے کی مخالفت کرنے کے بعد آج فلم اسٹار سے سیاستدان بن جانے والے جنا سینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان کو کانگریس میں شامل ہونے پر پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر بنوانے کا یقین دلایا ہے۔ دونڈا پاڈو میں ونگاوٹی رنگا کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ونگا وٹی رنگا اس وقت چیف منسٹر بننے کے قوی ا مکانات تھے اس لئے ان کا قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صرف 3 فیصد آبادی رکھنے والے ایک طبقہ نے کانگریس پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ انہوں نے بی سی طبقہ کو پردیش کانگریس پارٹی کا صدر بنانے کا مطالبہ کیا جس پر انہیں فون کرکے جان سے مار دینے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ وہ پارٹی کیلئے اپنی جان قربان کرنے کیلئے بھی پوری طرح تیار ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرتے ہوئے کے سی آر نے دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش میں 27 فیصد آبادی رکھنے والے کاپو طبقہ کو اقتدار حاصل ہونا چاہئے۔ ونگا وٹی رنگا کے بعد پون کلیان کی مقبولیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات کی آبادی زیادہ ہونے کے باوجود انہیں اہم عہدوں سے محروم رکھنے کا الزام عائد کیا۔