پون کلیان کے بڑے بھائی ناگا بابو کی جنا سینا میں شمولیت

   

حیدرآباد /20 مارچ ( سیاست نیوز ) صدر جنا سینا پارٹی و ممتاز تلگو فلم اسٹار مسٹر پون کلیان سے ملاقات کرکے ان کے بڑے بھائی مسٹر ناگابابو نے جنا سینا پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر مسٹر پون کلیان نے اپنے بھائی مسٹر ناگا بابو کو پارٹی کا کھنڈوا اوڑھا کر جنا سینا پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگو فلم اسٹار مسٹر ناگا بابو جوکہ مسٹر پون کلیان کے بڑے بھائی ہیں اب تک باہر سے مسٹر پون کلیان کی مکمل تائید و حمایت کرتے رہے اور وہ پارٹی میں نہ رہتے ہوئے بھی جنا سینا پارٹی کی انتخابات میں کامیابی کیلئے اپنی جدوجہد میں مصروف پائے جارہے تھے ۔ لیکن اب باقاعدہ طور پر انہوں نے جنا سینا پارٹی میں شامل ہوتے ہوئے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کا بھی ارادہ ظاہر کیا ۔ جس پر مسٹر پون کلیان نے مسٹر ناگا بابو کو حلقہ لوک سبھا نرساپور ( ضلع مغربی گوداوری ) سے انتخاب میں حصہ لینے کیلئے گرین سگنل دئے جانے کی اطلاعات پائی جاتی ہے ۔