کونسل کیلئے نامزد کرنے کا امکان، کابینہ میں جنا سینا ارکان کی تعداد 4 ہوجائیگی
حیدرآباد۔/10 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش حکومت میں عنقریب اہم سیاسی تبدیلیوں کے امکانات ہیں اور ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان کے بھائی ناگا بابو کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنا سینا کے سربراہ پون کلیان کے بھائی ناگا بابو فی الوقت پارٹی کے ریاستی جنرل سکریٹری ہیں اور وہ اسمبلی و کونسل میں کسی بھی ایوان کے رکن نہیں ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو سے اپنی حالیہ ملاقات میں پون کلیان نے ناگا بابو کو کابینہ میں شامل کرنے کی خواہش کی جسے چندرا بابو نائیڈو نے قبول کرلیا۔ ناگا بابو کی شمولیت کے بعد کابینی ارکان کی تعداد 25 ہوجائے گی اور اسمبلی میں ارکان کی عددی طاقت کے اعتبار سے 25 رکنی کابینہ تشکیل دی جاسکتی ہے۔ کابینہ میں فی الوقت جنا سینا کے 3 وزراء ہیں جن میں پون کلیان، کے دُرگیش اور این منوہر شامل ہیں۔ جنا سینا کے ریاستی جنرل سکریٹری ناگیندر بابو جو عوام میں ناگا بابو کی حیثیت سے شہرت رکھتے ہیں حالیہ اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے اتحاد کے حق میں مہم چلائی تھی۔ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے کابینہ میں ناگا بابو کی شمولیت کی توثیق کی۔ ناگا بابو لوک سبھا انتخابات میں انکا پلی اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کے خواہاں تھے تاہم نشستوں پر مفاہمت کے تحت یہ نشست بی جے پی کو الاٹ کی گئی۔ ریاست میں تلگودیشم زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی تشکیل کے بعد توقع کی جارہی تھی کہ ناگا بابو کو تروملا ۔ تروپتی دیواستھانم کا صدرنشین مقرر کیا جائے گا۔ انہیں راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے کی بھی اطلاعات گشت کررہی تھیں لیکن تینوں نشستوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد ناگا بابو کو کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جنا سینا پارٹی کو 21 اسمبلی اور 2 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل ہوئی اور مفاہمت کے تحت الاٹ کردہ تمام نشستوں پر اس کے امیدوار کامیاب رہے۔ جنا سینا کے وزراء کی تعداد ناگا بابو کی شمولیت کے بعد 4 ہوجائے گی چونکہ ناگا بابو کسی بھی ایوان کے رکن نہیں ہیں لہذا وزارت کا حلف لینے کے اندرون چھ ماہ انہیں کسی ایک ایوان کا رکن منتخب ہونا ضروری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگا بابو کو قانون ساز کونسل کیلئے نامزد کیا جائے گا اور عنقریب 4 ایم ایل سی نشستیں خالی ہوسکتی ہیں کیونکہ چار ارکان کونسل کا استعفی صدرنشین کونسل کے پاس زیر التواء ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے 24 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی اور ایک نشست خالی ہے جو ناگا بابو سے پُر کی جائے گی۔1