پون کلیان کے خلاف کارروائی کیلئے سٹی پولیس نےقانونی رائے حاصل کی

   

حیدرآباد۔ /19 نومبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس نے ڈپٹی چیف منسٹر آندھرا پردیش پون کلیان کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے ماہرین قانون سے رائے طلب کی ہے۔ پون کلیان نے مہاراشٹرا میں بی جے پی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے پرانے شہر حیدرآباد اور بعض قائدین کے خلاف ریمارکس کئے تھے۔ شہریوں کی جانب سے اس سلسلہ میں کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند کو توجہ دلائی گئی اور پون کلیان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی۔ کمشنر پولیس سی وی آنند نے کہا کہ ہم اس معاملہ میں پیشرفت کیلئے قانونی رائے حاصل کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ پون کلیان نے مہاراشٹرا میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پرانے شہر کے بعض قائدین 15 منٹ کا وقت دینے کی بات کررہے ہیں لیکن ہندو بھی اپنی طاقت دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صبر کا مطلب بزدلی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر حیدرآباد سے لوگ آکر دھمکی دیتے ہیں تو انہیں جان لینا چاہیئے کہ یہ سرزمین کس کی ہے۔ پون کلیان کے اس طرح کے ریمارکس کے خلاف کارروائی کرنے کی شہریوں نے کمشنر پولیس کو توجہ دلائی۔1