ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا سامنا ایک ایسے ولادیمیر پوٹن سے ہوا ہے جس نے ان کو کسی حد تک لاجواب کر دیا۔ ماسکو میں صدر پوٹن کی ایک سالانہ نیوز کانفرنس کے دوران حاضرین اس وقت حیران رہ گئے جب اسکرین پر روسی صدر پوٹن کی شکل اور آواز والا ایک اور شخص ابھرا۔یہ دراصل آرٹیفشل انٹلیجنس (اے آئی) کے ذریعے بنائی گئی باتیں کرتی شبیہ تھی۔ اس کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے درجنوں کی تعداد میں کالرز نے روسی صدر سے سوالات پوچھے۔پروگرام میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہو گئی جب سکرین پر ولادیمیر پوٹن ہی نمودار ہوئے اور اپنا تعارف کرایا۔انہوں نے صدر پوٹن سے کہا کہ ’ہیلو، میں سینٹ پیٹرزبرگ یونیورسٹی کا ایک سٹوڈنٹ ہوں، میں آپ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کی شکل کے کتنے لوگ موجود ہیں۔‘ اس کے ساتھ ہی ہال میں موجود لوگوں کے ہنسنے کی آوازیں سنائی دیں۔اے آئی شخصیت کی جانب سے یہ بھی پوچھا گیا کہ ’آپ آرٹیفیشل انٹلیجنس اور نیورل نیٹ ورکس کے ذریعے ہماری زندگی میں آنے والے خطرات کو کس نظر سے دیکھتے ہیں؟‘۔