ماسکو۔ 5 اگست (ایجنسیز) روس نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اب زمین سے درمیانے اور کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک اور کروز میزائلوں کی تیاری، جانچ اور تعیناتی پر کسی پابندی کا پابند نہیں ہے۔ یہ فیصلہ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (INF) معاہدے کے تحت عائد خودساختہ پابندیوں سے مکمل دستبرداری کی علامت ہے۔روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نیٹو اور امریکہ کی جانب سے مسلسل انکار کے بعد ماسکو کے پاس اب اس معاہدہ کی پاسداری کا کوئی جواز باقی نہیں رہا۔ وزارت کے مطابق واشنگٹن کو بارہا خبردار کیا گیا مگر امریکی اقدامات سے واضح ہو گیا کہ وہ ایسے میزائل یورپ، ایشیا اور بحرالکاہل میں تعینات کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔INF معاہدے پر سابق سوویت یونین کے صدر میخائل گورباچوف اور امریکی صدر رونالڈ ریگن نے 1987 میں دستخط کیے تھے، جس کے تحت 500 سے 5,500 کلومیٹر تک مار کرنے والے زمین سے داغے جانے والے میزائلوں کی تیاری، جانچ اور تعیناتی پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔