ماسکو۔ روس کی آبادی میں مسلسل کمی کے باعث صدر ولادیمیر پوٹن نے 10 یا اس سے زائد بچے پیدا کرنے والی خواتین کو خصوصی اعزاز اور خطیر رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پوٹن نے اعلان کیا ہے کہ 10 یا اس سے زیادہ بچے پیدا کرنے والی خواتین کو اعزاز مدر ہیروئن سے نوازا جائے گا اور ساتھ ہی 16 ہزار ڈالر نقد رقم بھی 10 ویں بچے کی پیدائش پر دی جائے گی اور تمام بچوں کا زندہ ہونا شرط ہوگا۔ دوران حمل یا پیدائش کے بعد انتقال کر جانے والے بچوں کو شمار نہیں کیا جائے گا۔ یہ اعلان کورونا وبا کے دوران بچوں کی پیدائش کی شرح میں غیر معمولی کمی اور یوکرین جنگ میں ہزاروں روسی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔ روس میں 2010 سے بچوں کی پیدائش کی شرح میں مسلسل کمی آئی ہے جو اب خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ خیال رہے کہ اس وقت روس میں بچوں کی پیدائش کی شرح فی خاتون ایک اعشاریہ پانچ صفر ہے۔