پوٹن کو دورۂ ہند میں دلچسپی

   

ماسکو۔ 30 اگست (یو این آئی) روسی صدر ولادیمیر پوٹن رواں سال دسمبر میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جہاں وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے ۔ خبر رساں ایجنسی اے پی کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر کے خارجہ امور کے مشیر یوری یوشاکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ پوٹن پیر کو چین میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنے آئندہ دسمبر کے دورے پر بات کریں گے ۔ واضح رہے کہ پوٹن اور نریندر مودی چین میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سالانہ سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے ۔ روسی صدر سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں اور 31 اگست سے 3 ستمبر تک چین کے چار روزہ دورے کے ایک حصہ کے طور پر سائیڈ لائنز پر متعدد دو طرفہ ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ وہ چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ بھی اہم ملاقات کریں گے جبکہ دوسری عالمی جنگ کے خاتمہ کی 80ویں سالگرہ کی یاد میں ایک بڑی فوجی پریڈ میں شرکت کریں گے ۔ ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے علاوہ وہ ترک صدر رجب طیب اردغان اور ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتوں کے علاوہ دیگر رابطے بھی طے کرنے والے ہیں۔ روسی حکام پوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان بیجنگ میں دو طرفہ ملاقات کے امکان پر بھی کام کررہے ہیں۔ پوٹن کی مودی کے ساتھ اس سال پہلی ملاقات ہوگی لیکن دونوں نے بارہا ٹیلی فون پر رابطہ برقرار رکھا ہے ۔