پوٹن کی امریکہ کے خصوصی مندوب سے ملاقات

   

ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے امریکہ کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے ملاقات کی ہے۔دونوں قائدین کے درمیان ہوئی ملاقات میں یوکرین جنگ ختم کرنے سے متعلق امور پر بات کی گئی۔ سینیٹ پیٹرز برگ کی صدارتی لائبریری میں یہ ملاقات ساڑھے چار گھنٹے تک جاری رہی جسے روسی حکام نے مثبت قرار دیا ہے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسٹیو وٹکوف نے کہا کہ اگر صدر ٹرمپ اور صدر پیوٹن آپس میں بات کریں تو ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر روس کی مدد لی جاسکتی ہے۔
ٹرمپ کا دورہ سعودی عرب
وائٹ ہاوس نے اعلان کردیا
واشنگٹن : وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور وہ مزید ممالک کا دورہ بھی کر سکتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے رواں ماہ کے آغاز میں اعلان کیا تھا کہ امریکی صدر آئندہ مئی میں سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا ہے وہ سعودی عرب کا دورہ کرنے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے بھی مارچ میں وضاحت کی تھی کہ ریاض میں ہونے والے مذاکرات میں غیر ملکی سرمایہ کاری، خلیجی ریاستوں کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے پر بات چیت کی جائے گی۔