واشنگٹن، 12 اگست (یو این آئی) پاپ موسیقی کی ملکہ میڈونا نے پوپ لیو سے براہ راست اپیل کی ہے کہ اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے وہ محصور غزہ کا سفر کریں اور بچوں کے لیے روشنی لے کر آئیں،، کیونکہ اسرائیل اپنی نسل کشی کی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: “مقدس پوپ ، براہ کرم غزہ جائیں اور بچوں کے لیے روشنی کی کرن بنیں۔
اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ۔ ایک ماں کے طور پر، میں ان کا دکھ دیکھنے کی تاب نہیں رکھ سکتی۔ یہ بچے ہم سب کے ہیں۔”انہوں نے مزید کہا: “آپ واحد شخصیت ہیں جنہیں داخلے سے روکا نہیں جا سکتا۔ ہمیں انسانی ہمدردی کے دروازے مکمل طور پر کھولنے کی ضرورت ہے تاکہ ان معصوم بچوں کو بچایا جا سکے ۔ وقت ختم ہورہا ہے ۔ براہ کرم آپ وہاں جائیں ۔ احترام و محبت کے ساتھ، میڈونا۔”انہوں نے کہا: “سیاست تبدیلی نہیں لا سکتی۔ صرف شعور لا سکتا ہے ۔ اسی لیے میں ایک خدا کے بندے سے رجوع کر رہی ہوں۔”اپنے بیٹے روکو کی سالگرہ کے موقع پر، میڈونا نے کہا: “ایک ماں کے طور پر، میں سمجھتی ہوں کہ میرے بیٹے کو بہترین تحفہ یہ ہو سکتا ہے کہ میں سب سے درخواست کروں کہ وہ غزہ میں جنگ کے درمیان پھنسے ہوئے ان معصوم بچوں کو بچانے کے لیے جو کچھ کر سکتے ہیں کریں ۔ میں کسی پر الزام نہیں لگا رہی، نہ ہی کسی طرفداری کر رہی ہوں۔ سبھی تکلیف میں ہیں۔”